ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ میں متواتر چوریوں کے سلسلے میں پولیس نے ایک چور کو کیا گرفتار

کمٹہ میں متواتر چوریوں کے سلسلے میں پولیس نے ایک چور کو کیا گرفتار

Sat, 10 Jun 2017 15:00:57    S.O. News Service

کمٹہ10؍جون (ایس او نیوز)کمٹہ شہر اور اطراف کی دکانوں اور مکانوں میں گزشتہ سال سے مسلسل اور متواترچوریوں کی وارداتیں انجام دی جارہی تھیں۔ پولیس کے لئے چوری کے ان واقعات کی تفتیش اور مجرموں کی گرفتای ایک سوال بن گئی تھی۔جسے بالآخر سلجھانے میں پولیس کامیاب ہوگئی ہے۔

حالیہ دنوں میں پولیس سپرنٹنڈنٹ کاروار اور ڈی وائی ایس پی بھٹکل کی رہنمائی اور سرکل انسپکٹر کمٹہ کی قیادت میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔اس سلسلے میں تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ گزشتہ ماہ اپریل میں کمٹہ کے سگندور جیویلری شاپ میں ڈکیتی کے سلسلے میں دستیاب ہونے والے فنگر پرنٹس مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے مجرم سے مطابقت رکھتے ہیں جسے بنگلورو وہائٹ فیلڈ پولیس نے گرفتار کیا ہے ۔اس ملزم کا نام اویناش ولد ہمت ہے۔اس کا پتہ چلنے کے بعد بنگلورو اور منگلورو کے مختلف مقامات پر تفتیش کرتے ہوئے اس کے گروہ سے وابستہ دیگر افراد کا پتہ لگانے کی کوشش کی گئی۔اس دوران چوریوں کے اس معاملے کے سرغنہ بھوپال مدھیہ پردیش کے رہنے والے اور پیشے سے غبارے بیچنے والے تیتھیا عرف تیتھی ولد درگا عرف کورگا موگیا (۳۰سال)کو گرفتار کرنے میں کمٹہ پولیس کامیاب ہوگئی ۔ اسی کے ساتھ کمٹہ کی دو جیویلری شاپس سگندور اور پانڈو رنگ جیویلرس کے علاوہ ایک مکان میں چوری کے واردات کا معمہ حل ہوگیا ہے۔

پولیس کے بیان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 84گرام سونے کے زیورات، 1کلو400گرام چاندی کے زیورات جملہ 3.5لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد کیے گئے ہیں۔اس تحقیقاتی ٹیم میں کمٹہ سی پی آئی نرسمہا مورتی، پی ایس آئی ششی کمار، پی ایس آئی منجوناتھ بورکراور دیگر عملہ شامل تھا۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کاروار نے تحقیقاتی ٹیم کی کامیابی پر ستائش کی ہے۔


Share: